اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا
دل اُس پہ فدا چار بٹا چار ہوا تھا
ہر روز مسنجر پہ وہ کرتی تھی مجھے ” تا “
پابندی سے میں نیٹ پہ لاگ اِن ہوا کرتا
چیٹنگ کا مجھے بھی تھا اُسی کی طرح چسکا
گھنٹوں بنا کرتا تھا میں الو بلا ناغہ
کیا شوق تھا میں جس میں گرفتار ہو ا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا
میں نے تو بتایا تھا کہ میں ہوں فرانسیسی
تصویر کسی گورے کی ای میل بھی کی تھی
اُس نے بھی جواباً مجھے تصویر جو بھیجی
لگتی تھی کسی فلمی اداکارہ کی کاپی
کیا جانے مری عقل کو کیا یار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا
چیٹنگ کو بہت ”نِک“ تھے اگرچہ سرِ یاہو
طاری تھا فقط ”ناز اٹھارہ“ کا ہی جادو
یکطرفہ نہ تھی میری محبت کسی پہلو
اُس نے بھی کئی بار کہا تھا مجھے۔لو یو
احساس کا جذبات کا اظہار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا
کچھ روز کٹے یونہی برا وقت جب آیا
ظالم نے مجھے باتوں ہی باتوں میں بتایا
بیٹے کے لئے مانگ چکا ہے مرا تایا
لے جائے گا منگل کو مجھے اللہ وسایا
مت پوچھ کہ کیا سُن کے یہ یکبار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا
میں نے کہا وہ وعدے وہ قسمیں وہ محبت
کہنے لگی سمجھو کہ حماقت تھی حماقت
طے کر سکو پیرس سے جو پنڈی کی مسافت
دیتی ہوں تمہیں شادی میں شرکت کی میں دعوت
پھر اُس کا پتہ پڑھ کے میں بیدار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا
وہ حسن کی دیری تو پڑوسن مری نکلی
تو لڈو جو کھائے تھے وہ منگنی تھی اُسی کی
چکر مجھے دیتی رہی بلقیس کی بچی
تصویر جو بھیجی تھی اداکارہ کی ہی تھی
میں کیسے گدھا بننے پہ تیار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا
وہ اب بھی اسی نِک سے مجھے کرتی ہے ہیلو
ظفرا ؔہوں یہ میں نے بھی بتایا نہیں اُس کو
موضوعِ سخن اللہ وسایا بھی ہے اب تو
وہ اللہ وسایا کہ مر ا یار بھی ہے جو
ہنستا ہوں کہ کیا تیر تھا جو پار ہوا تھا
اِک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا
Labels: ,
Reactions: 

Enter your email address:

Delivered by FeedBurner

Live Match Score

فیس بک پر تلاش کریں

مفت اکاؤنٹ کھولیں

Jobs Career in photography today!

Jobs Career in photography today!
Click on ads and grab your job.

گوگل پلس followers

گوگل پلس followers